ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جج لویا کی موت سے متعلق درخواستوں میں اٹھائے گئے مسائل سنگین:عدالت

جج لویا کی موت سے متعلق درخواستوں میں اٹھائے گئے مسائل سنگین:عدالت

Tue, 23 Jan 2018 00:15:37    S.O. News Service

نئی دہلی،22؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سپریم کورٹ نے خصوصی سی بی آئی جج بی ایچ لویا کی موت سے متعلق درخواستوں میں اٹھائے گئے مسائل کوسنگین بتایا۔تاہم، اعلیٰ عدالت کے کیس میں بی جے پی صدر امت شاہ کا نام گھسیٹنے کے لئے ایک سینئر وکیل کو پھٹکار لگائی۔عدالت عظمی نے لویا کی موت سے متعلق تمام دستاویزات کو مکمل سنجیدگی کے ساتھ دیکھنے کا فیصلہ کیا۔عدالت نے سینئر وکیل اندرا جے سنگھ کے تئیں ناراضگی بھی ظاہر کی جب انہوں نے سماعت کے دوران نتیجہ اخذ کیا کہ اعلیٰ عدالت کیس میں میڈیا پر لگام لگا سکتی ہے۔لویا موت سے پہلے سہراب الدین شیخ فرضی انکاؤنٹر کیس پر سماعت کر رہے تھے۔ان کی ایک دسمبر 2014 کو ناگپور میں مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوئی تھی۔وہ اپنے ساتھی کارکن کی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے ناگپور گئے تھے۔ سال 2014 میں ہوئی لویا کی موت پر دو مفاد عامہ کی درخواستوں پر سماعت کر رہی چیف جسٹس دیپک مشرا، جسٹس اے ایم کھانولکر اور جسٹس ڈی وائی چدرچوڑ کی بنچ نے بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور اور ممبئی بنچ کے پاس زیر التواء دو دیگر عرضیاں اپنے پاس منتقل کر لیں۔بنچ نے ملک میں تمام اعلی عدالتوں کے لویا کی موت سے متعلق کسی بھی درخواست پر غور کرنے پر روک لگا دی۔بنچ نے متعلقہ فریقوں سے کہا کہ لویا کی موت سے منسلک وہ سارے دستاویزات جو ابھی تک داخل نہیں کئے گئے ہیں، ان کو پیش کریں۔عدالت ان دستاویزات کی سماعت کی اگلی تاریخ دو فروری کو جائزہ لے گی۔بنچ نے کہاکہ ہمیں سارے دستاویزات بہت ہی سنجیدگی سے دیکھنے چاہئیں۔ان درخواستوں پر سماعت کے دوران بنچ اس وقت ناراض ہو گئی جب بمبئی لائرس ایسوسی ایشن کی جانب سے سینئر وکیل دشینت دیو نے بی جے پی صدر امت شاہ کا نام لیتے ہوئے الزام لگایا کہ سب کچھ ان (شاہ) کو بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔اس ایسوسی ایشن نے ہی بمبئی ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی ہے۔


Share: